بھٹکل 14؍جون (ایس او نیوز) بھٹکل میں اتوار اور پیر کی شام کو ہوئی موسلادھار بارش کے نتیجے میں تعلقہ کے کائیکنی دیہات کے ترن مکی میں ایک کنواں دھنس جانے سے مکین سخت پریشان ہیں۔کالنگا دُرگیا نائک نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ اتوار کی شام کو کنواں بالکل صحیح سلامت تھا، رات کو ہوئی بارش کے دوران اچانک اُنہوں نے ایک آواز سنی، مگر کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ کنویں کے اندر زمین دھنسنے کی آواز ہے۔ صبح باہرجاکر دیکھا تو پورے کمپاؤنڈ میں پانی جمع تھا اور کنویں کا نام و نشان نظر نہیںآرہا تھا۔پانی کم ہونے کے بعد پتہ چلا کہ کنواں زمین کے اندر ہی چھپ گیا ہے اور اب ایک گڈھے میں تبدیل ہوگیا ہے۔
کالنگا نے بتایا کہ 23 سال قبل سرکاری اسکیم کے تحت اس کنویں کی تعمیر ہوئی تھی، جس سے نہ صرف اُن کے گھروالے بلکہ پاس پڑوس کے کئی مکین بھی فائدہ اُٹھارہے تھے۔ اب اچانک کنواں بندہو جانے سے تمام مکین پریشان ہیں۔ گھروالوں نے متعلقہ سرکاری اہلکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کنویں کی مرمت کرکے اُن کا مسئلہ جلد سے جلد حل کریں۔